امریکی ریاست الاسکا کے پہاڑی اور کم آبادی والے خطے یاکوٹیٹ میں گزشتہ رات 7.0 شدت کا ہولناک زلزلہ آیا جس نے پورے علاقے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے صرف 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا، جس کے باعث جھٹکے نہایت شدید محسوس کیے گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق کئی سیکنڈز تک زمین ہلتی رہی، برف سے ڈھکی بلند چوٹیوں میں تھر تھراہٹ پیدا ہوئی اور دور دراز گھاٹیوں میں برفانی تودے گرنے کی آوازیں گونجتی رہیں۔ کم آبادی والے اس خطے میں لوگ گھروں سے نکل کر محفوظ مقامات کی جانب بھاگے اور سڑکوں پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔
یہ علاقہ الاسکا اور کینیڈا کی سرحد کے قریب واقع ہے، اور پہاڑی و برفانی خطہ ہونے کی وجہ سے معمولی زلزلے بھی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
اب تک سونامی کی کوئی باضابطہ وارننگ جاری نہیں کی گئی، تاہم الاسکا زلزلہ سینٹر اور پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ ساحلی علاقوں میں چھوٹی سونامی لہریں پیدا ہونے کا امکان موجود ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریسکیو ٹیمیں علاقے کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں جبکہ دور دراز مقامات سے نقصانات کی اطلاعات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔






