اہم خبریںتازہ تریندنیا

انڈونیشیا میں تباہ کن سیلاب: ہلاکتیں 900 سے تجاوز، خوراک کی شدید قلت

انڈونیشیا میں مسلسل بارشوں اور شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جہاں ہلاکتوں کی تعداد 900 سے بڑھ گئی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق ملک کے کئی حصوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے نہ صرف بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا ہے بلکہ نقل و حمل کا نظام بھی بری طرح مفلوج ہو چکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متعدد علاقوں میں خوراک کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، جس سے مزید ہلاکتوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوب مشرقی اور جنوبی ایشیائی خطہ گزشتہ کئی دنوں سے طوفانوں اور مون سون بارشوں کی زد میں ہے، جس کے نتیجے میں انڈونیشیا، سری لنکا، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور ویتنام میں ایک ہفتے کے اندر مجموعی طور پر 1,790 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
انڈونیشیا کے صوبوں آچے اور شمالی سماٹرا میں صورتِ حال انتہائی سنگین ہے جہاں سیلاب نے سڑکوں کو بہا دیا، گھر منہدم ہو گئے اور رسد کا نظام مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے۔ آچے کے گورنر مزاکیر مناف کا کہنا ہے کہ دور دراز علاقوں میں امدادی ٹیمیں کیچڑ میں دھنسی لاشوں کی تلاش میں مصروف ہیں، لیکن بھوک اور خوراک کی کمی سب سے بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے۔
گورنر کے مطابق آچے تامیانگ کے پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں میں پورے کے پورے گاؤں مٹ چکے ہیں، جب کہ کئی سب ڈسٹرکٹس صرف نام کی حد تک باقی رہ گئے ہیں۔
سیلاب متاثرین نے شکایت کی ہے کہ وہ کئی دنوں سے عارضی پناہ گاہوں میں محدود خوراک پر گزارا کر رہے ہیں اور باہمی امداد کے ذریعے اپنی زندگی بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومتی ادارے اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں تک رسائی اور امدادی سامان پہنچانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button