وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو 12 دسمبر تک ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی
اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ 12 دسمبر تک اپنا مکمل اور درست ڈیٹا فراہم کریں تاکہ حج ویزے کی پراسیسنگ میں کوئی تاخیر نہ ہو۔
وزارت کے جاری بیان کے مطابق، عازمین کو اپنی تصویر، پاسپورٹ اور میڈیکل سرٹیفکیٹ مطلوبہ بینک برانچ میں جمع کروانا لازمی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر عازمین کا ڈیٹا غلط ہوگا تو حج ویزے میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اگر تصویر یا دستاویز سعودی حکام کے معیار کے مطابق نہ ہو تو بینک عملہ رابطہ کرے گا اور عازمین کو فوری طور پر درست دستاویز جمع کروانے کی ہدایت دی جائے گی۔ حج ویزا پراسیسنگ میں غلط یا ناقص معلومات کی تصدیق نہ ہونے کی صورت میں ویزا جاری نہیں ہوگا، اور غلط دستاویز کی وجہ سے ویزے کی تاخیر کے علاوہ منسوخی کا امکان بھی موجود ہے۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت اور درست معلومات فراہم کریں تاکہ ان کے حج کے سفر میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔






