چین کے شمال مغربی علاقے سنکیانگ میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ چینی میڈیا کے مطابق، زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1 درج کی گئی ہے۔ فی الحال زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
زلزلہ اکچی کاؤنٹی کے قریب آیا، جو کرغزستان کی سرحد کے نواح میں واقع ہے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے 10 کلومیٹر (6.2 میل) کی گہرائی میں تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جاپان کے مشرقی ساحل ہونشو کے قریب بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جہاں زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.1 درج کی گئی تھی۔
حکام نے مقامی عوام سے خبردار کیا ہے کہ وہ زلزلے کے بعد احتیاطی اقدامات جاری رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔






