کرغزستان کے صدر اسلام آباد پہنچ گئے، صدر اور وزیراعظم نے استقبال کیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر کرغزستان کے صدر سادیر نورغوز ژاپاروف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر صدر اور وزیراعظم نے ان کا باقاعدہ استقبال کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، کرغز صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے جس میں سینیئر وزراء، اعلیٰ حکام اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری رہنما شامل ہیں۔
دورے کے دوران صدر ژاپاروف کی صدرِ پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ون آن ون ملاقاتیں اور وفود کی سطح پر مذاکرات شیڈول ہیں۔ علاوہ ازیں، صدر ژاپاروف پاکستان کرغزستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔
مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، دفاع، تعلیم، عوامی روابط اور علاقائی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے نئے مواقع پر بھی غور کیا جائے گا۔
کرغزستان کی جانب سے آخری صدارتی دورہ جنوری 2005ء میں ہوا تھا۔ موجودہ دورہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے اور وسطی و جنوبی ایشیا میں امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ دورہ دوطرفہ تعاون کو نئی رفتار دے گا اور علاقائی و عالمی فورمز پر شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا۔





