اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

دشمن نے دوبارہ حملہ کیا تو پاک فضائیہ کو پہلے سے زیادہ مضبوط پائے گا، ایئرچیف

رسالپور میں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کی قومی خودمختاری کو دوبارہ چیلنج کیا گیا تو دشمن پاک فضائیہ کو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور بہتر تیار پائے گا۔
مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی اے ایف اکیڈمی میں سعودی کیڈٹس کی شمولیت پاکستان اور سعودی عرب کی مسلح افواج کے درمیان دیرینہ دوستی اور مضبوط تعاون کی علامت ہے۔ ایئر چیف نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کی فضائی سرحدوں کے دفاع کی مقدس ذمہ داری اب ان کے سپرد کی جا رہی ہے اور پوری قوم کی امیدیں ان کے کندھوں پر ہیں۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے حالیہ معرکۂ حق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قوم اور مسلح افواج نے اتحاد اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو اُس کی عددی برتری کے باوجود شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی تینوں افواج کی ہم آہنگی، جارحانہ فیصلہ سازی اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت کا نتیجہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے جدید ترین طیارے مار گرا کر ثابت کیا کہ کم وسائل کے باوجود وہ بلند حوصلے، مہارت اور ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ فضائی تصادم جدید دور کی ہوا بازی کی "نصابی مثال” بن چکا ہے جس نے دنیا کو پاک فضائیہ کی صلاحیتوں سے متاثر کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے بتایا کہ پی اے ایف نے اپنے اسمارٹ انڈکشن پروگرام کے ذریعے ریکارڈ وقت میں جدید ترین لڑاکا طیارے اور ٹیکنالوجیز شامل کی ہیں، اور جدت طرازی کی جارحانہ حکمت عملی نے فضائی قوت کو مزید مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور دنیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، تاہم قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے قوم اور مسلح افواج ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں اور شیر دل ایروبیٹکس ٹیم نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر 151ویں جی ڈی پی، 97ویں انجینئرنگ، 108ویں ایئر ڈیفنس کورس سمیت مختلف کورسز کے مجموعی طور پر 166 کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے، جن میں 136 پاکستانی اور 20 سعودی کیڈٹس شامل تھے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button