بنوں: فائرنگ کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان سمیت 4 افراد شہید
بنوں: میران شاہ روڈ پر فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان اور دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے اچانک اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین سرکاری اہلکار موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک اور شہری بھی جاں بحق ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور زخمی اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین کر فرار ہو گئے، جب کہ بعد ازاں انہوں نے گاڑی کو نذرِ آتش بھی کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نفری جائے وقوع پر پہنچی، شواہد جمع کیے اور لاشوں و زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
فائرنگ کا واقعہ میران شاہ روڈ پر فلور ملز کے قریب پیش آیا، جہاں حملہ آوروں نے سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا۔ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی مذمت
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور کہا ہے کہ:
"ملک دشمن عناصر ایسے بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔”
انہوں نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ مزید مضبوط عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔






