اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

وزیراعلیٰ اپنا کام کریں اگر بدمعاشی کی تو خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگ سکتا ہے، فیصل واوڈا

اسلام آباد — سینیٹر فیصل واوڈا نے خبردار کیا ہے کہ اگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنی آئینی و انتظامی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو صوبے میں گورنر راج نافذ ہو سکتا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں بدمعاشی یا نظام حکومت میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ “میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ 26 نومبر کی تڑی لگائیں گے تو پھینٹا لگے گا، اور اگر مزید بدمعاشی کی گئی تو گورنر راج لگ سکتا ہے۔” انہوں نے زور دیا کہ سب کی کوشش ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، بصورت دیگر گورنر راج محض ایک آپشن نہیں رہے گا بلکہ حقیقت بن جائے گا۔

سینیٹر نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ فیصل کریم کنڈی ہی گورنر خیبر پختونخوا رہیں، تاہم اگر کسی اور نام کا انتخاب ہوا تو وہ سیاسی فیصلہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ گورنر کے نام پر ان کی جماعت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ کے رویے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی وہ ”بانی“ سے ملاقات کے خواہش مند ہیں تو یہ محض وقت کا ضیاع ہے۔ “دیوار پر سر مارتے رہیں، نہ دیوار کو کچھ ہونا ہے نہ دیوار سے کچھ ملنا ہے۔ راستہ ایک ہی ہے کہ سیاسی قیادت یعنی وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے پاس جائیں۔”

فیصل واوڈا نے کہا کہ آرمی چیف اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں اور ایک نوٹیفکیشن کا معاملہ بہت جلد حل ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین آف ڈیفنس فورس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد وزیراعلیٰ کی معمولی غلطی بھی ان کی نااہلی کا باعث بن سکتی ہے، جو کسی صورت صوبے کے حق میں نہیں ہوگا۔ “ہم نہیں چاہتے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگے، بہتر یہی ہے کہ وزیراعلیٰ اپنی حکومت چلانے پر توجہ دیں۔”

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button