آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل حکومت کا اہم اقدام
اسلام آباد: پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل وفاقی حکومت نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے سول سرونٹس کے اثاثہ جات رولز 2023 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق سول سرونٹ کی اصطلاح کو تبدیل کرکے پبلک سرونٹ کیا گیا ہے۔ نئی تعریف کے تحت:
گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران شامل ہوں گے،
وفاقی و صوبائی حکومتوں کے افسران،
خودمختار اداروں اور سرکاری کارپوریشنز کے افسران بھی اس زمرے میں آئیں گے۔
حکام کے مطابق نیب آرڈیننس 1999 کے تحت مستثنیٰ افراد اس تعریف میں شامل نہیں ہوں گے، اور ترمیم شدہ قواعد صرف پبلک سرونٹس پر لاگو ہوں گے۔
یہ ترمیم انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 237 کے تحت تیار کی گئی ہے۔ ایف بی آر نے اس مسودے پر گزشتہ ماہ اسٹیک ہولڈرز سے آراء، اعتراضات اور تجاویز طلب کی تھیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 8 دسمبر کو شیڈول ہے، جس میں پاکستان کے لیے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی قسط کے اجرا کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکومت کے اس اقدام کو آئی ایم ایف اصلاحات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔






