اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

سرزمین کا تحفظ اور قومی سالمیت اولین ترجیح ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، فیلڈ مارشل

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کا تحفظ، قومی سالمیت اور ہر پاکستانی شہری کی حفاظت پاک فوج کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ–27 (NSW–27) کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملکی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی گئی۔

NSW–27 نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا ایک اہم تربیتی پروگرام ہے، جو ارکانِ پارلیمان، سینئر سول و عسکری افسران، ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کو قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر جامع آگاہی فراہم کرتا ہے۔

آرمی چیف نے قوم کے اتحاد کو پاکستان کی اصل قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل کشمکش، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ جنگ جیسے چیلنجز کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج، انٹیلی جنس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر متزلزل عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ قومی سلامتی کے تحفظ میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک باوقار ملک ہے اور عالمی برادری میں اسے اس کا جائز مقام حاصل ہوگا۔ "معرکۂ حق” کے دوران پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم نے دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔

عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی قوت قومی اتحاد ہے اور اسی اتحاد کے ساتھ دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ بریفنگ میں شرکاء کو غیر قانونی سرگرمیوں، سرحدی انتظام، منشیات اور اسمگلنگ کے خلاف اقدامات اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی سے بھی آگاہ کیا گیا۔

آرمی چیف نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاک فوج ملکی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button