پنجاب، کے پی میں صبح سویرے ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق، 48 زخمی
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق سیالکوٹ کے بڈیانہ روڈ پر دو تیز رفتار گاڑیوں نے ایک رکشے کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار 3 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو بھائی اور ان کا ایک کزن شامل تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دونوں کاریں ایک دوسرے سے ریس لگا رہی تھیں، جس کے باعث حادثہ پیش آیا، جبکہ حادثے کے بعد دونوں ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے۔
چارسدہ میں ترنگزئی بائی پاس پر اسکول وین اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دو طالب علم جاں بحق جبکہ 24 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بھکر میں ایم ایم روڈ پر مسافر بس اور ٹرک میں ٹکر کے باعث 2 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے، جبکہ صوابی میں شیوہ اڈہ چوک پر دو بسوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 15 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثات کی بڑی وجہ تیز رفتاری اور لاپرواہی بتائی جا رہی ہے۔






