واشنگٹن — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا یوکرین اور روس کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کے قریب پہنچ رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے دورِ صدارت کے ابتدائی نو ماہ میں آٹھ جنگیں رکوا دیں جبکہ ایک اور جنگ کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
تھینکس گیونگ ڈے کی تقریب سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس۔یوکرین جنگ میں اب تک ہزاروں فوجی ہلاک ہو چکے ہیں اور یہ معاملہ انتہائی پیچیدہ ہے، تاہم امریکا امن کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا معاشی طور پر بہترین دور سے گزر رہا ہے اور اس طرح کی معاشی بہتری ملک کی تاریخ میں پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے امریکی سرحدوں کو پہلے سے زیادہ محفوظ بنا دیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر انہوں نے امریکی عوام کو تھینکس گیونگ ڈے کی مبارکباد بھی دی۔






