2025 میں دنیا کے سب سے زیادہ قرضدار ممالک کی فہرست جاری
عالمی معاشی اداروں کی تازہ رپورٹ کے مطابق، 2025 میں دنیا کے سب سے زیادہ قرضدار ممالک میں جاپان، اریٹریا، سنگاپور، یونان، اٹلی، بحرین، سوڈان، مالدیپ، امریکا اور فرانس شامل ہیں۔ رپورٹ میں ممالک کے مجموعی قومی قرض اور جی ڈی پی کے مقابلے میں قرض کے تناسب کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
جاپان دنیا کا سب سے زیادہ قرضدار ملک رہنے کا امکان ہے، جس کا قرض مجموعی جی ڈی پی کے 242 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اریٹریا 210 فیصد قرض کے ساتھ نمایاں ہے، جبکہ سنگاپور کا سرکاری قرض جی ڈی پی کے 173 فیصد تک پہنچ جائے گا۔
یونان اور اٹلی بالترتیب 149 فیصد اور 138 فیصد قرض کے ساتھ یورپ کے زیادہ قرضدار ممالک میں شامل ہیں۔ بحرین کا قرض 131 فیصد تک بڑھنے کا اندازہ ہے، جبکہ سوڈان اور مالدیپ بالترتیب 128 فیصد اور 125 فیصد قرض کے ساتھ فہرست میں ہیں۔
امریکا، دنیا کی سب سے بڑی معیشت، بھی اس فہرست میں شامل ہے اور اس کا قرض 124 فیصد جی ڈی پی تک پہنچنے کی توقع ہے۔ فرانس کا سرکاری قرض 116 فیصد رہے گا، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ دہائی کے آخر تک یہ 120 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فہرست سے ظاہر ہوتا ہے کہ نہ صرف ترقی پذیر بلکہ کئی بڑی اور مستحکم معیشتیں بھی شدید قرض کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہیں، جو عالمی معیشت کے لیے چیلنجز پیدا کر سکتا ہے۔






