لندن: نیشنل اسٹیٹیسٹکس آفس (ONS) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، برطانیہ میں 2023 میں سب سے زیادہ شادیاں 2 ستمبر کو ہوئیں۔ اس دن انگلینڈ اور ویلز میں 3,227 جوڑوں نے شادی کی، جو سال کا سب سے مقبول دن ثابت ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ شادی کے لیے سب سے زیادہ پسندیدہ دن رہا، جس پر ہونے والی شادیوں کی شرح 41.9 فیصد یعنی 93,918 تھی۔ سول پارٹنرشپ کے معاملے میں بھی ستمبر سب سے پسندیدہ مہینہ رہا، جس میں 744 پارٹنرشپ رجسٹر کی گئیں، جو مجموعی تعداد کا 9.9 فیصد بنتی ہیں۔
دوسری جانب جنوری شادیوں اور سول پارٹنرشپ دونوں کے لیے سب سے کم مقبول مہینہ رہا، جس میں صرف 2.6 فیصد شادیاں اور 6.3 فیصد سول پارٹنرشپس ہوئیں۔
سال 2023 میں انگلینڈ اور ویلز میں مجموعی طور پر 224,402 شادیاں ہوئیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 9.1 فیصد کم ہیں۔ دوسری طرف، سول پارٹنرشپس میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا اور تعداد 7,547 تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق مردوں کی اوسط شادی کی عمر 34.8 سال جبکہ خواتین کی 33 سال رہی، جو اب تک ریکارڈ ہونے والی بلند ترین عمروں میں شامل ہے۔
مجموعی طور پر، 1973 سے 2023 تک انگلینڈ اور ویلز میں شادیوں کی شرح میں 44 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔






