برطانیہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب موسمِ خزاں کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جب اسکاٹ لینڈ میں درجہ حرارت منفی 12.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ گزشتہ 15 برسوں میں نومبر کی سرد ترین رات ثابت ہوئی۔
ملک کے دیگر حصوں میں بھی شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ ویلز میں درجہ حرارت منفی 7.2، انگلینڈ میں منفی 6.7 اور شمالی آئرلینڈ میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
سخت موسم کے باعث اسکاٹ لینڈ، نارتھ یارکشائر، ایسٹ یارکشائر، ویلز اور پینبروکشائر سمیت شدید متاثرہ علاقوں میں اسکول بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
برطانیہ کی ہیلتھ ایجنسی نے سردی کی شدت کے پیشِ نظر انگلینڈ کے علاقوں نارتھ ایسٹ اور یارکشائر اینڈ ہمبر کے لیے امبر کولڈ ہیلتھ الرٹ جاری کیا ہے جو ہفتہ صبح 8 بجے تک نافذ العمل رہے گا، جب کہ دیگر تمام علاقوں کے لیے زرد انتباہ (Yellow Alert) جاری کیا گیا ہے۔
شدید برف باری کے باعث ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ متعدد مقامات پر گاڑیاں پھنس گئیں اور بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گلاسگو سینٹرل کی کئی ٹرینیں اوور ہیڈ لائنز خراب ہونے کے باعث تاخیر کا شکار ہوئیں، اور مسافروں سے کہا گیا کہ وہ سفر سے پہلے تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔





