ڈیجیٹل معیشت، خیبرپختونخوا قانونی فریم ورک متعارف کرانے والا پہلا صوبہ بن گیا
خیبر پختونخوا میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ڈیجیٹل پیمنٹس ایکٹ 2025 کی باقاعدہ منظوری دے دی۔ بل کو آئندہ مرحلے میں صوبائی کابینہ کی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق خیبر پختونخوا ڈیجیٹل معیشت کیلئے قانونی فریم ورک متعارف کرانے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، کاروبار اور سروس سیکٹرز میں کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی کو لازمی قرار دیا جائے گا۔
مزید کہا گیا کہ جو بزنس اس نظام کے تحت رجسٹر ہوں گے، ان پر دو سال تک ڈیجیٹل پیمنٹس کے ذریعے ہونے والی ٹرانزیکشنز پر کوئی نیا سیلز ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ادائیگی پر اضافی چارجز لینا ممنوع ہوگا جبکہ ڈیجیٹل ادائیگی سے انکار کرنے والا کاروبار قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب تصور ہوگا۔
سہیل آفریدی نے امید ظاہر کی کہ ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز سے شفافیت، سہولت اور مالی تحفظ میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بل مالی شمولیت، شفافیت اور معیشت کی جدید کاری کیلئے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔





