الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کردیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں طویل عرصے سے مؤخر ہوتے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اسلام آباد کی لوکل گورنمنٹ کی مدت 14 فروری 2021ء کو مکمل ہوگئی تھی، مگر متعدد قانونی و انتظامی رکاوٹوں کے باعث انتخابات بارہا مؤخر ہوتے رہے۔
اعلامیے کے مطابق آئین کے آرٹیکلز 140-A، 219 اور 218(3) کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد لازم تھا۔ الیکشن کمیشن پانچ مرتبہ حلقہ بندیاں اور تین بار الیکشن شیڈول جاری کر چکا تھا، تاہم عمل مکمل نہیں ہوسکا۔ 13 نومبر 2025ء کو سماعت کے بعد 17 نومبر 2025ء کو انتخابات کرانے کا فیصلہ دیا گیا۔
کمیشن نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے سیکشن 15(2) میں کی گئی ترمیم کو بھی آئین اور قانون کے تقاضوں کے منافی قرار دیا ہے، جس کا حوالہ آرٹیکلز 218(3)، 140-A، 220، 219 اور 222 میں موجود ہے۔
الیکشنز ایکٹ 2017ء کی دفعات 50، 219 اور 224 کے تحت ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کی تقرری کا مکمل اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔ اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ انتخابی عملہ کمیشن اپنے افسران، عدلیہ یا انتظامیہ میں سے تعینات کرے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سیکریٹری یونین کونسل سرکاری افسر کی تعریف پر پورا نہیں اترتا، اس لیے اسے انتخابی ذمہ داری نہیں دی جاسکتی۔ انتخابات انہی افسران کے ذریعے کرائے جائیں گے جنہیں الیکشن کمیشن باقاعدہ طور پر نوٹیفائی کرے گا۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے اعلان نے دارالحکومت کی سیاسی سرگرمیوں میں نئی جان ڈال دی ہے، جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں نے انتخابی تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا ہے۔






