ویب ڈیسک: بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی ذاتی زندگی کے مشکل ترین دور سے متعلق پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔
بولی وڈ کی معروف فلم ساز فرح خان کے ساتھ اپنے یوٹیوب شو “سرونگ اِٹ اپ ود ثانیہ” میں گفتگو کے دوران ثانیہ مرزا نے سابق شوہر شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد کے تکلیف دہ لمحات پر روشنی ڈالی۔
گفتگو کے دوران فرح خان نے کہا کہ “ثانیہ اب ایک سنگل والدہ ہیں، اور اس سے زیادہ مشکل کام دنیا میں کوئی نہیں۔ ہم سب کے اپنے سفر ہیں، اور ہمیں اس میں بہترین راستہ تلاش کرنا ہوتا ہے۔”
ثانیہ مرزا نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ماں ہونا، کام کرنا اور پڑھنا اکثر انہیں تھکا دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک موقع پر وہ شدید ذہنی دباؤ میں تھیں، مگر اسی دوران فرح خان ان کے شو کے سیٹ پر آئیں۔ “اگر فرح نہ آتیں تو میں وہ شو نہیں کر پاتی،” ثانیہ نے بتایا۔
فرح خان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے پہلی بار ثانیہ کو پینک اٹیک کی حالت میں دیکھا تھا، جس سے وہ خود بھی خوفزدہ ہوگئیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ثانیہ مرزا کا یہ انٹرویو ان مداحوں کے لیے ایک جذباتی لمحہ ہے جو انہیں ہمیشہ مضبوط اور پُرعزم دیکھتے آئے ہیں۔






