اسلام آباد: برطانوی حکومت نے پاکستان اور بھارت میں موجود اپنے شہریوں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے محتاط رہنے اور بعض علاقوں کے سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
برطانوی دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں شہریوں کو پاک–بھارت سرحدی علاقوں، مقبوضہ جموں و کشمیر اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اطراف سفر سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق بطورِ احتیاط اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کے عملے کو بھی نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ برطانوی شہری اسلام آباد میں مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی میڈیا کے ذریعے صورتحال سے باخبر رہیں۔
برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ ہدایات سکیورٹی خدشات کے پیش نظر احتیاطی طور پر جاری کی گئی ہیں۔






