پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کے زیر اہتمام آج صوبائی اسمبلی میں امن جرگہ منعقد ہو رہا ہے، جس میں بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، مذہبی شخصیات، عمائدین اور پارلیمنٹرینز شریک ہیں۔ اسمبلی ہال میں تقریباً 400 افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے اور اس موقع پر خصوصی سیکیورٹی پلان بھی نافذ کیا گیا ہے۔
جرگے کا اعلامیہ بعد ازاں وفاقی حکومت، سیکیورٹی اداروں اور ایپکس کمیٹی کو پیش کیا جائے گا۔ شرکاء کے لیے خصوصی پاسز جاری کیے گئے ہیں جبکہ اسمبلی کے اطراف سخت سیکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔
اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی اسمبلی پہنچ گئے، جہاں ان کا گارڈ آف آنر کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ اسپیکر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دعوت دی گئی تمام جماعتیں جرگے میں شریک ہوں گی اور امید ہے کہ یہ امن جرگہ کامیاب ثابت ہوگا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ یہ تاریخی جرگہ صوبے کے تمام مکاتبِ فکر کو مدعو کر کے منعقد کیا گیا ہے، اور وزیرِاعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت امن و امان کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ شفیع جان نے مزید کہا کہ اس جرگے کے ذریعے اسٹیک ہولڈرز گفت و شنید کے ذریعے دیرپا امن کے اقدامات طے کریں گے۔





