27ویں آئینی ترمیم آج قومی اسمبلی میں منظور ہونے کا امکان، وفاقی آئینی عدالت جلد قائم ہوگی
اسلام آباد: حکومت وفاقی آئینی عدالت کے جلد قیام کی خواہشمند ہے اور توقع ہے کہ آج قومی اسمبلی میں 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری ہو جائے گی، جس کے فوری بعد صدر مملکت کے دستخط کے ذریعے یہ ترمیم آئین کا حصہ بن جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق، ترمیم کی منظوری کے بعد حکومت جمعرات کو وفاقی آئینی عدالت کے ججوں کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کرے گی، جس کے بعد باضابطہ طور پر نئی عدالت کا قیام عمل میں آئے گا۔
ترمیم کے تحت صدر مملکت، وزیراعظم کی ایڈوائس پر وفاقی آئینی عدالت کے ججوں کا تقرر کریں گے۔ سینیٹ سے یہ مجوزہ بل پہلے ہی منظور ہو چکا ہے، اور قومی اسمبلی کی منظوری کے بعد آئینی عمل مکمل ہو جائے گا۔
حکومت کو امید ہے کہ قومی اسمبلی میں ترمیم پر بحث آج شام تک مکمل ہو جائے گی اور 27ویں آئینی ترمیم کے فوری نفاذ کے بعد وفاقی آئینی عدالت کا قیام یقینی بن جائے گا۔






