لندن (نمائندہ خصوصی): پاکستان نے دنیا کی معروف سیاحتی نمائش "ورلڈ ٹریول مارکیٹ لندن 2025” میں بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہوئے ملک کی متنوع اور دلکش سیاحتی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور ہائی کمیشن کے عملے نے نمائش میں بھرپور شرکت کی۔ ہائی کمشنر کی رہنمائی اور کاوشوں سے پاکستان کے امیج اور کردار کو نمایاں انداز میں پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان، گلبر خان نے بھی لندن میں منعقدہ اس عالمی نمائش کا دورہ کیا اور مختلف ممالک کے اسٹالز کے ساتھ ساتھ پاکستانی پویلین کا بھی معائنہ کیا۔
پاکستان کی "ورلڈ ٹریول مارکیٹ” میں شرکت پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (PTDC) کی جانب سے منظم کی گئی، جس میں گلگت بلتستان ٹورازم ڈیولپمنٹ (GBTD)، سندھ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (STDC)، ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (TDCP) اور نجی شعبے کے اداروں نے بھی بھرپور اشتراک کیا۔
نمائش میں پاکستان کی شمولیت کا بنیادی مقصد عالمی سیاحتی منڈیوں میں پاکستان کی نمایاں شناخت کو مزید مضبوط بنانا اور ملک کو ایک ابھرتی ہوئی سیاحتی منزل کے طور پر فروغ دینا ہے۔
پی ٹی ڈی سی کے حکام کے مطابق، لندن میں ورلڈ ٹریول مارکیٹ میں شرکت پاکستان کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جن کے تحت ملک کو جنوبی ایشیا میں ایڈونچر، ثقافتی ورثے اور ماحولیاتی سیاحت کے مرکز کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
برطانیہ میں موجود پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام پاکستان کے مثبت تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا۔






