اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

وزیراعظم سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات، 27ویں آئینی ترمیم میں بلدیاتی اختیارات شامل کرنے کا مطالبہ

وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم پر مشاورت اور تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ایم کیو ایم رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے سے متعلق شقیں شامل کی جائیں تاکہ عوامی مسائل نچلی سطح پر مؤثر انداز میں حل ہوسکیں۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد کی قیادت گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کی، جبکہ وفد میں وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، جاوید حنیف خان، سید امین الحق اور خواجہ اظہار الحسن شامل تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال اور آئینی ترمیم کے نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنماؤں نے زور دیا کہ آئینی ترمیم کے ذریعے بلدیاتی حکومتوں کو مالی و انتظامی سطح پر مکمل اختیارات دیے جائیں۔

دوسری جانب حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم کو رواں ماہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کرانے کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق ترمیمی بل پر اتحادی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے تاکہ بل کو اتفاقِ رائے سے منظور کرایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج اتحادی جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں مجوزہ ترمیم کے مسودے پر حتمی مشاورت ہوگی۔ حکومت نے اس سلسلے میں 14 نومبر کو قومی اسمبلی سے ترمیم منظور کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزرا و ارکان پارلیمنٹ کے غیر ملکی دورے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

ادھر اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت مکمل کرلی ہے اور اجلاس کا ایجنڈا و شیڈول منظور کرلیا گیا ہے۔ تاہم تحریکِ انصاف کے پارلیمانی رہنما اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

پیپلز پارٹی کا وفد بھی وزیراعظم سے ملاقات کرے گا

ذرائع کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم پر اتفاقِ رائے کے لیے وزیراعظم سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا وفد آج ملاقات کرے گا۔ پیپلز پارٹی کا وفد پارٹی کے سی ای سی اجلاس سے قبل وزیراعظم سے ملاقات کرے گا، جس کے بعد رہنما خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی روانہ ہوں گے۔

وفد میں فاروق ایچ نائیک، مرتضیٰ وہاب، عرفان قادر، راجا پرویز اشرف، نوید قمر اور شیری رحمن شامل ہوں گے، جبکہ وزیراعظم کے ہمراہ حکومتی وفد میں اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان شریک ہوں گے۔

استحکام پاکستان پارٹی کا وفد بھی وزیراعظم سے ملاقات کرچکا

اس سے قبل استحکام پاکستان پارٹی (IPP) کے وفد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں شہباز شریف نے آئی پی پی رہنماؤں کو 27ویں آئینی ترمیم کے نکات پر اعتماد میں لیا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button