میامی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ کے دوران انہوں نے سنا کہ کچھ اخبارات میں خبریں آئیں کہ سات یا آٹھ طیارے گرائے گئے، مگر درحقیقت آٹھ طیارے مار گرائے گئے تھے۔
میامی میں ایک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایک اخبار نے لکھا کہ سات طیارے گرائے گئے اور ایک کو نقصان پہنچا، مگر وہ کسی اخبار کا نام نہیں لیں گے کیونکہ ان کے بقول “زیادہ تر میڈیا جھوٹی خبریں دیتا ہے۔”
امریکی صدر نے مزید کہا کہ دونوں ایٹمی ممالک — پاکستان اور بھارت — کے درمیان ممکنہ بڑی جنگ کو ٹیرف پالیسی کے ذریعے روکا گیا۔
خطاب کے دوران ٹرمپ نے نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کے انتخاب پر بھی تبصرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “دیکھتے ہیں ظہران ممدانی نیویارک میں کیسا کام کرتے ہیں، ہم ان کی تھوڑی مدد کریں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “نیویارک کے عوام نے بائیں بازو کے رہنما ظہران ممدانی کو میئر منتخب کر کے امریکا کی خودمختاری کھو دی ہے۔ ایک کمیونسٹ امریکا کے سب سے بڑے شہر کا میئر بن گیا ہے، لیکن ہم چاہتے ہیں نیویارک کامیاب ہو۔”






