اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

آئی ایم ایف نے حکومت کو نئے این ایف سی ایوارڈ سے متعلق کیا تجویز دی؟

اسلام آباد — عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے وفاقی حکومت کو نیا نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ تیار کرنے میں تکنیکی اور تجزیاتی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے نئے فارمولے کی تیاری پر غور جاری ہے۔ اسی تناظر میں آئی ایم ایف نے حکومتِ پاکستان کو تکنیکی مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے تاکہ ایک شفاف اور پائیدار مالیاتی فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ این ایف سی فارمولے میں آبادی کے حصے کو 82 فیصد سے کم کرنے جبکہ تعلیم، صحت، ٹیکس وصولی، ماحولیاتی اقدامات اور مجموعی کارکردگی جیسے عوامل کو وسائل کی تقسیم کے معیار میں شامل کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔

وزارتِ خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ این ایف سی پر باقاعدہ مشاورت تاحال شروع نہیں ہوئی، تاہم ابتدائی سطح پر تبادلۂ خیال جاری ہے۔ حکام کے مطابق نیا این ایف سی فارمولا طویل المدتی قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ نئے این ایف سی کمیشن اجلاس کے لیے 18 نومبر کی تاریخ تجویز کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ملک میں حالیہ آبادیاتی اور معاشی تبدیلیوں کے باعث وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کے موجودہ فارمولے پر ازسرِنو مشاورت ناگزیر ہو چکی ہے۔

مجوزہ منصوبے کے مطابق نئے فارمولے میں 24 کروڑ 15 لاکھ سے زائد آبادی کو بنیاد بنایا جائے گا، جب کہ وسائل کی تقسیم میں کارکردگی اور ماحولیاتی اقدامات کو بھی وزن دینے کی تجویز زیرِ غور ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق نئے این ایف سی ایوارڈ کی تیاری کے دوران وفاق اور صوبوں کے مالی اختیارات کی ازسرِنو وضاحت بھی کی جائے گی تاکہ شفافیت، مساوات اور مؤثر وسائل کے استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button