واشنگٹن (ویب ڈیسک) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی کے مقابلے میں ریپبلکن امیدوار کی شکست کی دو وجوہات بیان کر دیں۔
الیکشن نتائج آنے کے بعد اپنی سوشل میڈیا سائٹ ’ٹروتھ سوشل‘ (Truth Social) پر جاری ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ:
“ووٹرز کے مطابق ریپبلکن امیدوار کی ناکامی کی دو بڑی وجوہات ہیں — پہلی یہ کہ میں بیلٹ پر موجود نہیں تھا، اور دوسری وجہ امریکا میں جاری شٹ ڈاؤن ہے۔”
نیویارک میں ریپبلکنز کو بڑا جھٹکا
نیویارک کے میئر کے لیے ہونے والے حالیہ انتخابات میں ٹرمپ اور ریپبلکن پارٹی کو واضح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹرمپ کی بھرپور مہم اور مخالفت کے باوجود ڈیموکریٹک سوشلسٹ مسلمان امیدوار ظہران ممدانی نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے نیویارک سٹی کے پہلے مسلمان میئر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
ڈیموکریٹس کی فتح پر اوباما کی مبارکباد
دوسری جانب سابق امریکی صدر باراک اوباما نے بھی امریکی وسط مدتی انتخابات اور نیویارک کے میئر الیکشن میں ڈیموکریٹس کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں جیتنے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی “ترقی پسند پالیسیوں کی عوامی حمایت کا ثبوت ہے۔”
اینڈریو کوومو کی شکست تسلیم
واضح رہے کہ نیویارک میئر شپ کے لیے آزاد امیدوار اور ٹرمپ کے حمایت یافتہ سابق گورنر اینڈریو کوومو نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے ظہران ممدانی کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ "شہریوں کا فیصلہ حتمی ہے، اور میں نومنتخب میئر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔”






