اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں مسلسل تاخیر، وجہ سامنے آگئی

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسلسل تاخیر کا شکار ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے ابھی تک متبادل قائد ایوان کی نامزدگی نہیں کی، اور بلاول بھٹو زرداری کی وطن واپسی کے بعد ہی تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ بھی تاخیر کی وجہ ہے، جبکہ آزاد کشمیر حکومت کا 80 فیصد ترقیاتی بجٹ ابھی خرچ ہونا باقی ہے۔ موجودہ اسمبلی کی مدت جولائی 2026 میں ختم ہو رہی ہے، جبکہ مسلم لیگ ن چاہتی ہے کہ انتخابات مارچ 2026 میں کرائے جائیں۔

ذرائع کے مطابق اگر مسلم لیگ ن کا مطالبہ تسلیم کیا جاتا ہے تو انتخابات سے دو ماہ قبل یعنی جنوری میں نئی حکومت اپنے اختیارات سے محروم ہو جائے گی، اور پیپلز پارٹی دسمبر اور جنوری میں سیاسی اہداف حاصل نہیں کر پائے گی۔ پیپلز پارٹی کا اسمبلی کی مدت پوری کرنے پر اصرار ڈیڈلاک کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اتفاق کر چکی ہیں، تاہم مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ وہ حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے اور اپوزیشن بینچز پر بیٹھیں گے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button