راولپنڈی میں غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں تیز، 216 افراد حراست میں
راولپنڈی:
ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومتِ پنجاب کے خصوصی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے گزشتہ پانچ روز کے دوران صرف راولپنڈی میں 216 غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو حراست میں لے کر ہولڈنگ سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق غیر قانونی افغان باشندوں کو مکان کرائے پر دینے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، اور اب تک 18 مالک مکان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو نہ تو کرائے پر مکان دیں، نہ جائیداد فروخت کریں۔ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
مزید کہا گیا ہے کہ شہری اپنی گاڑیاں، رکشے یا کاروباری سامان غیر قانونی افراد کے استعمال میں نہ دیں اور نہ ہی ان کے ساتھ لین دین یا کاروباری تعلقات قائم کریں۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ملازمت پر نہ رکھیں، جبکہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکی متعلقہ تھانوں میں اپنی رجسٹریشن یقینی بنائیں۔
راولپنڈی پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے اطراف میں مشکوک افراد یا غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کی اطلاع پولیس کو دیں، اطلاع دینے والے شہری کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک میں غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اب تک لاکھوں افغان شہریوں کو واپس افغانستان بھیجا جا چکا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد اس انخلا کے عمل میں مزید تیزی آئی ہے۔






