اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

چین ہمارا دوست اور شراکت دار ملک ہے، سی پیک پاکستان کی ترقی کا مظہر ہے، صدر زرداری

گلگت (نمائندہ خصوصی) — صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا آزمودہ دوست اور مضبوط شراکت دار ہے، جبکہ سی پیک ملک کی ترقی اور خوشحالی کا مظہر ہے۔ وہ گلگت میں یومِ آزادی گلگت بلتستان کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
صدر زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میرا گھر ہے، یہاں کے عوام کی بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یکم نومبر 1947 کو گلگت بلتستان کے بہادر عوام نے قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی، ہم جنگِ آزادی کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحت کے لحاظ سے دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ حکومت کی جانب سے علاقے میں تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، اب ضرورت ہے کہ گلگت بلتستان کی اپنی ایئرلائن قائم کی جائے تاکہ سیاحت اور تجارت کو مزید فروغ مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے پہاڑ قدرتی معدنیات سے مالا مال ہیں، اور یہاں کے عوام ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
بھارت میں مسلمانوں پر جاری مظالم کی مذمت کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے جاری ہے، اور وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کی طرح ترقی یافتہ بنایا جائے تاکہ یہاں کے عوام خوشحال زندگی گزار سکیں۔
دوسری جانب، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام اور پوری قوم کو یومِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یکم نومبر 1947 کو گلگت بلتستان کے بہادر عوام نے جرات، اتحاد اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا تاریخی فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن اس عزم، قربانی اور وطن سے محبت کی یاد دلاتا ہے جس نے خطے کی تاریخ بدل دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے پُرعزم ہے۔
ان کے مطابق، سیاحت، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور تعلیم کے شعبوں میں جاری منصوبے علاقے کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ترقی کے تمام مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ قومی دھارے میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عہد کی تجدید کا پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنی آزادی، اتحاد اور ترقی کے سفر کو نئی توانائی اور جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
آخر میں وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ گلگت بلتستان اور پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button