اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پشاور کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین

پشاور (نمائندہ خصوصی) — پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پاکستان افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن کا خواہاں ہے، تاہم دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی جاری رہے گی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہیڈکوارٹرز 11 کور میں سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں، پاک–افغان سرحد پر امن و استحکام اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔

بعد ازاں آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کے جرگے سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا اور قبائلی عوام کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک–افغان کشیدگی کے دوران قبائلی عوام نے ہمیشہ سیکیورٹی فورسز کا غیر مشروط ساتھ دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ گزشتہ چند برسوں میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد مواقع پر سفارتی اور اقتصادی تعاون بڑھایا، جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانا تھا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد پراکسیز “فتنہ الخوارج” اور “فتنہ الہندوستان” کے خلاف کارروائی کے بجائے افغان طالبان حکومت ان گروہوں کو مدد فراہم کر رہی ہے۔

آرمی چیف نے یقین دلایا کہ پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں سے مکمل طور پر پاک کر دیا جائے گا۔

قبائلی عمائدین نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بے لاگ گفتگو کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ “فتنہ الخوارج” کے نظریے کو خیبرپختونخوا کے عوام میں کوئی پذیرائی حاصل نہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button