اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

کامیاب مذاکرات کیلیے افغانستان کی مزید ’ تسلی ‘ کی ضرورت ہے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کے لیے تسلی تشفی ایک بار پھر ضروری ہے، جیسا کہ ماضی میں بھی کیا جا چکا ہے۔ ان کے مطابق اگر یہ عمل ایک یا دو بار مزید دہرایا جائے تو مذاکرات کے نتائج کامیاب ہو سکتے ہیں۔
ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بھارت کی فوجی طاقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی فوج ہماری فوج سے پانچ گنا بڑی ہے، لیکن جنگوں میں صرف فوج کا حجم نہیں بلکہ سپہ سالار کی حکمتِ عملی فیصلہ کن ہوتی ہے۔
انہوں نے جنگِ یرموک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں مسلمانوں کی فتح حضرت خالد بن ولیدؓ کی حکمتِ عملی کا نتیجہ تھی، جس کے باعث رومن سلطنت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ فوجی میدان میں کوئی پریشانی نہیں، مگر داخلی سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔
خیبر پختونخوا میں گورنر راج سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ فی الحال اس پر کوئی غور نہیں کیا جا رہا، البتہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو اپنے رویے میں نرمی لانی چاہیے۔
انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں جیل میں تھے، تو وکیل اور اہلِ خانہ کے سوا کسی سے ملاقات نہیں کی، اور اس وقت کے حالات نے انہیں یہ احساس دلایا کہ سیاسی معاملات میں تسلسل اور مذاکرات انتہائی ضروری ہیں۔
وزیراعظم کی جانب سے میثاقِ جمہوریت کی پیشکش پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اڈیالا والے صاحب کو اس پر مثبت ردِعمل دینا چاہیے، تاکہ پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن کیا جا سکے — وہ خواب جو ہمارے اجداد نے دیکھا تھا اور جس مقصد کے لیے پاکستان قائم کیا گیا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button