واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی مختصر فوجی جھڑپ میں سات نئے اور خوبصورت طیارے مار گرائے گئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جاپان کے دورے کے دوران کاروباری رہنماؤں سے عشائیے میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حکومت کی جانب سے مختلف ممالک پر لگائے گئے درآمدی محصولات (ٹیرِف) نے دنیا میں کئی جنگوں کو رکوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ٹرمپ کے بقول، "اگر آپ بھارت اور پاکستان کو دیکھیں، وہ ایک دوسرے سے الجھنے والے تھے۔ ان کی مختصر جھڑپ میں سات نئے اور خوبصورت جہاز تباہ ہو گئے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ جھڑپ کے دوران انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطہ کیا تھا اور انہیں خبردار کیا کہ اگر دونوں ممالک نے جنگ چھیڑی تو امریکا ان کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کرے گا۔
ٹرمپ نے بتایا، "ہم نے صاف کہہ دیا تھا کہ اگر تم لوگ لڑو گے تو کوئی ڈیل نہیں ہوگی، اور 24 گھنٹوں کے اندر اندر معاملہ ختم ہو گیا۔”
یاد رہے کہ مئی میں ہونے والی جھڑپ کے بعد پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ اس نے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے ہیں، جن میں رافیل بھی شامل ہے، اور اس کے شواہد بھی فراہم کیے گئے تھے۔ تاہم بھارت نے اس دعوے کی تصدیق سے گریز کیا اور کسی طیارے کے نقصان کی سرکاری تصدیق نہیں کی۔
ٹرمپ کا یہ تازہ بیان ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی اور امریکی کردار پر بحث چھیڑنے کا باعث بن گیا ہے، جبکہ مبصرین کے مطابق ان کے اس دعوے کی آزادانہ تصدیق تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔






