چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر: سینیٹ الیکشن رکوانے کیلئے درخواست دی تھی، افسوس ہے کہ کل الیکشن ہو رہا ہے
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ انہیں افسوس ہے کہ کل سینیٹ کا الیکشن منعقد ہونے جا رہا ہے، حالانکہ پی ٹی آئی نے الیکشن رکوانے کے لیے باقاعدہ درخواست دائر کی تھی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آئینی بینچ کے سامنے شبلی فراز کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نااہلی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ میں اس کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی تھی، تاہم آج سپریم کورٹ نے وہ حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے ہائیکورٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ دونوں فریقین کو سن کر کیس کا فیصلہ کرے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عدالت نے واضح کیا ہے کہ وہ مزید پیچیدگیوں میں نہیں جانا چاہتی، کیونکہ بہت سے دیگر نااہلی کے معاملات بھی اسی نوعیت کے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے امید ظاہر کی کہ جب کیس پشاور ہائیکورٹ میں چلے گا تو پارٹی کو ریلیف ملے گا۔ ان کے مطابق الیکشن کمیشن کے پاس یہ اختیار نہیں کہ چیئرمین سینیٹ کے ریفرنس کے بغیر کسی کو نااہل قرار دے۔






