ایشیائی ترقیاتی بینک نے گلیشیئرز ٹو فارمز پروگرام کیلیے 25 کروڑ ڈالر کی منظوری دیدی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) — ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے گرین کلائمیٹ فنڈ (GCF) نے ’’گلیشیئرز ٹو فارمز‘‘ پروگرام کے لیے 25 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔ یہ پروگرام پاکستان سمیت 9 ممالک میں شروع کیا جائے گا تاکہ گلیشیئر پر انحصار کرنے والے خطوں میں پانی اور زراعت کے نظام کو مضبوط بنایا جا سکے۔
اے ڈی بی کے اعلامیے کے مطابق ادارہ آئندہ 10 برسوں میں 3.25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ پروگرام کے تحت موثر آبپاشی، پانی کے ذخیرے اور واٹر شیڈ مینجمنٹ کو فروغ دیا جائے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گلیشیئرز کے پگھلنے سے خطے میں خشک سالی اور سیلاب جیسے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، اور اس پروگرام سے 1 کروڑ 30 لاکھ افراد — خصوصاً کسانوں اور پہاڑی علاقوں کی آبادی — مستفید ہوگی۔
پروگرام میں گلیشیئر سے نکلنے والے چار بڑے دریائی حوض — نارین، پیانج، کُورا اور سوات — شامل ہوں گے۔ اس منصوبے کے ذریعے موسمیاتی تحقیق اور گلیشیئر اسٹڈیز کو قومی ترقیاتی منصوبہ بندی میں شامل کیا جائے گا، جب کہ خطرناک موسمی حالات سے نمٹنے کے لیے جدید وارننگ اور مانیٹرنگ نظام بھی قائم کیے جائیں گے۔
پروگرام کے تحت پانی کی قلت اور شدید گرمی سے متاثرہ کمیونٹیز کے لیے سماجی تحفظ کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی بینکوں کو اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ خواتین کی زیرِ قیادت زرعی کاروباروں کی مالی معاونت کر سکیں۔
اے ڈی بی نے کہا ہے کہ گلیشیئرز کا تیز پگھلاؤ خطے کے لیے ایک پیچیدہ ترقیاتی چیلنج بن چکا ہے۔ جی سی ایف کی مدد سے یہ خطہ منتشر منصوبوں کے بجائے ایک منظم اور لچکدار نظام کی طرف بڑھے گا۔
بیان کے مطابق گرین کلائمیٹ فنڈ دنیا کا سب سے بڑا ماحولیاتی فنڈ ہے، جس کے 43ویں بورڈ اجلاس میں اس پروگرام کی منظوری دی گئی۔
واضح رہے کہ 2024 میں جی سی ایف کی معاونت سے ہونے والی سائنسی تحقیقات نے اس منصوبے کے لیے سائنسی بنیاد فراہم کی تھی۔





