پاکستان کی موجودہ معاشی ترقی غربت کم کرنے کے لیے ناکافی ،عالمی بینک
اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کی موجودہ معاشی ترقی کی رفتار کو غربت میں کمی کے لیے ناکافی قرار دے دیا ہے۔ ادارے کی تازہ رپورٹ کے مطابق رواں سال پاکستان کی معاشی شرح نمو تقریباً 3 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ اگلے سال یہ شرح 3.4 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 16 لاکھ نوجوان روزگار کی تلاش میں مارکیٹ میں آ رہے ہیں، اور موجودہ معاشی ترقی کی رفتار کے ساتھ غربت میں خاطر خواہ کمی ممکن نہیں۔ اس سال ملک میں غربت کی شرح تقریباً 21.5 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے۔
عالمی بینک نے رپورٹ میں مہنگائی کے اعداد و شمار بھی پیش کیے ہیں۔ ادارے کے مطابق رواں مالی سال مہنگائی 7.2 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ اگلے سال یہ 6.8 فیصد تک کم ہو سکتی ہے۔
رپورٹ میں پاکستان میں غربت میں کمی، معیار زندگی کی بہتری اور اقتصادی استحکام کے لیے مختلف شعبوں میں جامع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔






