وزیراعظم آزاد کشمیر ڈٹ گئے، استعفیٰ دینے کے بجائے تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ
مظفرآباد: آزاد کشمیر میں وزیرِ اعظم چودھری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے امکانات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیرِ اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آج دوپہر 2 بجے تک استعفیٰ دے دیں، بصورت دیگر پارٹی عدم اعتماد کی قرارداد فائل کر دے گی۔
پیپلز پارٹی کے پاس اس وقت 36 ارکان کی حمایت موجود ہے اور وہ دوپہر 2 بجے کے بعد کارروائی کا آغاز کرے گی۔ تاہم، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیرِ اعظم نے استعفیٰ دینے کے بجائے تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ چوہدری انوار الحق ماضی میں کئی بار کہہ چکے ہیں کہ اگر مخالفین انہیں اقتدار سے ہٹانے کے لیے درکار نمبرز پورے کر لیں تو وہ بلا کسی اعتراض کے گھر چلے جائیں گے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی گزشتہ چند روز سے جوڑ توڑ میں مصروف ہے۔ پارٹی قیادت نے آزاد کشمیر میں صدر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور سے ملاقاتیں کیں اور میڈیا پر بھی نمبرز پورے ہونے کے دعوے کیے۔ تاہم ذرائع کے مطابق پارٹی میں نئے وزیرِ اعظم کے نام پر ابھی اتفاق رائے نہیں ہوا۔
تازہ پیش رفت کے بعد مظفر آباد کا سیاسی ماحول مزید گرم ہو گیا ہے اور آنے والے چند گھنٹوں میں اہم پیشرفت کی توقع ہے۔






