عدالت نے 9 مئی سمیت دیگر مقدمات میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری روک دی، تفصیلات جانیں۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گرفتاری پر عارضی طور پر روک لگا دی ہے۔ عدالت نے 9 مئی کے واقعات سمیت دیگر پانچ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کر دی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے متعلقہ مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ یہ ضمانت 25 نومبر تک برقرار رہے گی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں یا بذریعہ ویڈیو لنک پیش کرنے کی ہدایت بھی دی۔
توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید دلائل کے لیے کل تک کا وقت مانگ لیا، جس کے بعد عدالت نے سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے شمسہ کیانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی، اقدام قتل، جعلی رسیدیں سمیت متعدد مقدمات درج ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ جعلی رسیدیں جمع کروانے پر مقدمہ درج ہے۔





