انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) — ترکیہ نے اپنی فضائی دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے برطانیہ سے 20 یورو فائٹر ٹائیفون جنگی طیارے خریدنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔
انقرہ میں ہونے والی دستخطی تقریب میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر اردوان نے معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان "اسٹریٹجک تعلقات کی نئی علامت” قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق اس دفاعی معاہدے کی مالیت تقریباً 11 ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے، جب کہ پہلے یورو فائٹر جیٹس 2030 میں ترکیہ کو فراہم کیے جائیں گے۔
ترکی کی وزارتِ دفاع کے مطابق انقرہ قطر اور عمان سے بھی 12، 12 یورو فائٹر ٹائیفون طیارے خریدنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ خطے میں اپنی فضائی برتری کو برقرار رکھا جا سکے، خصوصاً اسرائیل جیسے حریف ممالک کے مقابلے میں۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ ترکیہ طویل المدتی منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 120 جنگی طیارے حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ جولائی 2025 میں ترکیہ اور برطانیہ کے درمیان 40 یورو فائٹر طیاروں کی خریداری کا ایک ابتدائی معاہدہ بھی طے پایا تھا، جسے اب باضابطہ دفاعی شراکت داری کی شکل دے دی گئی ہے





