محکمہ موسمیات کی پیشگوئی: مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان
اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) — محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور چند مقامات پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم خشک رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور قریبی پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں اسموگ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں بھی اسموگ چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم کے بعض مقامات پر ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا، اور سندھ کے جنوب مشرقی ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث مشرقی پنجاب کے اضلاع سموگ کے زیرِ اثر رہیں گے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہا۔ پنجاب کے مشرقی اضلاع میں اسموگ چھائی رہی۔






