اسلام آباد:
میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ آج منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) کے مطابق خیبر پختونخوا میں ایم ڈی کیٹ امتحان صوبے کے 7 اضلاع میں بیک وقت لیا جا رہا ہے، جن میں پشاور، مردان، سوات، لوئر دیر، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ایبٹ آباد شامل ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا سے 39 ہزار 981 امیدوار امتحان میں شریک ہیں۔
امتحان صبح 9 بجے شروع ہوا جو دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر مکمل ہو گا۔
ایم ڈی کیٹ ملک بھر میں بیک وقت منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں میرٹ کی بنیاد پر داخلوں کا شفاف عمل یقینی بنایا جا سکے۔






