وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوں گے
اسلام آباد: ؛ وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر ریاض روانہ ہوں گے۔ ان کا یہ دورہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ہو رہا ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی جائے گا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سمیت کابینہ کے سینئر اراکین شامل ہوں گے۔
شہباز شریف 27 سے 29 اکتوبر تک ریاض میں منعقد ہونے والی مستقبل کی سرمایہ کاری کانفرنس (FII 9) میں شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کا موضوع ہے:
“خوشحالی کی کنجی: ترقی کی نئی سرحدوں کا انکشاف”
کانفرنس میں عالمی رہنما، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور ماہرین بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
مزید برآں، ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
وزیراعظم دیگر عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں وہ پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت، اقتصادی امکانات اور پائیدار ترقی کے منصوبوں کو اجاگر کریں گے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ اقتصادی سفارت کاری کے فروغ اور پاکستان کے معاشی روابط کو وسعت دینے کی عکاسی کرتا ہے۔






