فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دوٹوک پیغام: بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنے ناکام بنائے جائیں گے
راولپنڈی (آئی ایس پی آر) – آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ فتنے، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج، بلوچستان میں ترقی اور عوام دشمن ایجنڈے کو ہوا دے رہے ہیں، تاہم ان کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ 17ویں نیشنل ورکشاپ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ دہشت گرد عناصر صوبے میں شر انگیزی اور تشدد پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر پاک فوج ان کا پیچھا کر کے بلوچستان کو اس ناسور سے مکمل طور پر نجات دلائے گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی قسم کی براہِ راست یا بالواسطہ سرحدی خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام باصلاحیت، باہمت اور محبِ وطن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی اور سیاسی مفادات پر مبنی ایجنڈوں کو رد کرتے ہوئے قومی مفاد کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، اور نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے سول سوسائٹی کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
آرمی چیف کے اس خطاب کو ملک دشمن عناصر کے خلاف ایک واضح پیغام اور بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے عزم کی تجدید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔






