عدالت کا بڑا فیصلہ: علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری تیسری بار جاری
راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پی ٹی آئی رہنما علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاجی کیس میں عدم حاضری پر ایک بار پھر سخت اقدام اٹھاتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری تیسری مرتبہ جاری کر دیے۔
عدالت نے علیمہ خان کو گرفتار کرکے 22 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، جس میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ دیگر 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ استغاثہ کے پانچ گواہان بھی مال مقدمہ سمیت موجود تھے۔
عدالت نے علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے اور ان کی جائیداد کی دستاویزات کی تصدیق کے لیے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ہدایات جاری کر دیں۔
سماعت سے قبل عدالت کے باہر لیڈی پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان کی مسلسل غیر حاضری کے باعث ان کی ضمانت منسوخی کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب علیمہ خان کے وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ ان کی موکلہ پر فردِ جرم کی کارروائی یکطرفہ اور غیر قانونی ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ دہشت گردی کی دفعات کو پہلے ہی چیلنج کیا جا چکا ہے اور متعلقہ درخواست سماعت کے لیے منظور ہو چکی ہے، تو ایسی صورت میں فردِ جرم عائد کرنا قانون کے خلاف ہے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔






