اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی عمران خان سے جیل ملاقات کی درخواست پر اعتراضات ختم، فریقین کو نوٹس جاری

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی بانی تحریک انصاف عمران خان سے جیل میں ملاقات کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیے ہیں اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 اکتوبر کو جواب طلب کر لیا۔

کیس کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی، جہاں رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ درخواست پیش کی گئی۔ عدالت نے سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری داخلہ پنجاب، آئی جی پولیس پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔

درخواست گزار وزیراعلیٰ کے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کی جانب سے عمران خان سے جیل میں ملاقات کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے کئی اعتراضات عائد کیے ہیں۔ اعتراضات میں کہا گیا کہ اسی نوعیت کا کیس پہلے ہی عدالت میں زیرِ سماعت رہا ہے، اور یہ بھی سوال اٹھایا گیا کہ کیا وزیراعلیٰ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بغیر ایسی درخواست دائر کر سکتے ہیں؟

وکیل کا کہنا تھا کہ یہ اعتراض غیر موزوں ہے کیونکہ ابھی خیبر پختونخوا کی کابینہ بنی ہی نہیں، اس لیے وزیراعلیٰ نے آئینی و قانونی اختیار کے تحت درخواست دائر کی ہے۔

عدالت نے وکیل کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کیے اور معاملے پر باضابطہ سماعت کے لیے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button