اسد قیصر کا آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان، افغانستان سے جنگ بندی کو خوش آئند قرار دے دیا
پشاور: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں قومی اتفاقِ رائے ناگزیر ہے، اسی لیے ہم جلد آل پارٹیز کانفرنس (APC) بلائیں گے۔
اپنے بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کی اولین ترجیح امن و امان کا قیام ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے صوبائی حکومت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کرنا چاہتی ہے۔
افغانستان سے جنگ بندی خوش آئند قرار
اسد قیصر نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ:
"سعودی عرب جیسے دوست ممالک سفارتی سطح پر کردار ادا کریں گے تاکہ یہ مسئلہ مذاکرات کے ذریعے مستقل حل کی جانب بڑھ سکے۔”
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اور پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کا حل صرف عسکری نہیں بلکہ سیاسی و سفارتی حکمت عملی کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔