افغانستان کی جانب سے جارحیت، وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا، اہم فیصلے متوقع
اسلام آباد: مغربی سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے جاری جارحیت کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے آج اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور افغانستان کے ساتھ بڑھتی کشیدگی پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شریک ہوں گے۔ اجلاس میں سرحدی حالات، داخلی سلامتی، اور افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق پالیسی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موجودہ حالات کے تناظر میں کئی اہم فیصلے متوقع ہیں، جن میں ملک بھر میں موجود افغان مہاجرین کی جلد واپسی سے متعلق اقدامات سرفہرست ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف تمام شرکاء کو حکومت کی جانب سے سیکیورٹی اور خارجہ پالیسی سے متعلق کیے گئے فیصلوں پر اعتماد میں لیں گے۔ اجلاس کے بعد ممکنہ طور پر اہم اعلانات متوقع ہیں۔