اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

”افغان حملوں پر صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا“ : حکومت کا افغان مہاجرین کے تمام کیمپس ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (16 اکتوبر 2025) – حکومت پاکستان نے خیبرپختونخوا میں موجود تمام افغان مہاجر کیمپس ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت سیفران کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق صوبے بھر میں آخری 28 افغان مہاجر کیمپس بند کر دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق:

پشاور میں 8

نوشہرہ میں 3

ہنگو میں 5

کوہاٹ میں 4

مردان اور صوابی میں 2،2

بونیر میں 1

دیر میں 3 کیمپس بند کیے گئے ہیں۔

وزارتِ سیفران نے افغان کمیشنریٹ کو ہدایت دی ہے کہ بند کیے گئے کیمپس کی زمینیں صوبائی حکومت کے حوالے کی جائیں۔ یہ اقدام افغان مہاجرین کی وطن واپسی سے متعلق حکومتی پالیسی کے تحت اٹھایا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا دو ٹوک مؤقف: "صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا”

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کو دہائیوں تک پناہ دی، مگر اب افغان سرزمین سے دہشت گرد حملے ناقابلِ قبول ہیں۔ انہوں نے کہا:

"ہم نے محدود وسائل کے باوجود 40 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی، مگر بدقسمتی سے افغان سرزمین سے پولیس، پاک فوج اور عام شہریوں پر حملے ہو رہے ہیں۔”

وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ حالیہ حملے "فتنہ الخوارج” کی جانب سے ہوئے، جنہوں نے پاکستان کی افواج کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ افغانستان نے "جارحیت” کا راستہ اپنایا اور پاکستان پر حملے ہندوستان کی شہ پر کیے گئے۔ ان کے مطابق:

"جب حملہ ہوا تو افغانستان کے وزیرِ خارجہ دہلی میں موجود تھے۔ ہمیں مجبوراً بھرپور جوابی کارروائی کرنا پڑی۔ افواجِ پاکستان نے دفاع کا حق استعمال کیا۔”

انہوں نے بتایا کہ قطر کی درخواست پر 48 گھنٹوں کی عارضی جنگ بندی کی گئی ہے، تاہم پاکستان امن کے لیے سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ افغانستان بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔

فلسطین پر مؤقف: "فلسطینیوں کو حقِ خودارادیت دیا جائے”

اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا:

"دو سال میں غزہ میں 74 ہزار افراد شہید ہوئے۔ اسکول، اسپتال اور نومولود بچے بھی محفوظ نہ رہے۔”

انہوں نے کہا کہ امن معاہدے پر غزہ میں جشن منایا گیا، اور پاکستان کا مؤقف ہمیشہ سے واضح ہے کہ:

"فلسطین کی آزاد ریاست قائم ہونی چاہیے، اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ ہم نے کشمیر کے بھائیوں کے لیے بھی ہمیشہ آواز اٹھائی۔”

آئی ایم ایف سے معاہدہ مکمل، آخری قسط جلد ملنے کا امکان

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ مکمل کر لیا ہے، اور جلد ہی آخری قسط پاکستان کو موصول ہو جائے گی۔ ان کے مطابق:

"یہ آئی ایم ایف کی آخری قسط ہونی چاہیے، ہمیں مستقبل میں خود انحصاری کی راہ اختیار کرنا ہوگی۔”

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button