محکمہ موسمیات کی پیشگوئی: سردیوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں معمول سے کم بارشیں، خشک سردی کا امکان
محکمہ موسمیات نے رواں سال موسمِ سرما کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں معمول سے کم بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اور کہا ہے کہ سرد موسم خشک رہے گا۔ ماہرین کے مطابق سردی کی ہلکی دستک تو محسوس ہونے لگی ہے، تاہم اس بار بارش کا کوئی خاص امکان نہیں ہے۔
خصوصاً پنجاب کے میدانی علاقے آنے والے ہفتوں میں اسموگ اور فضائی آلودگی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہونے اور سانس و آنکھوں کے امراض میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فارکاسٹنگ فاروق ڈار کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں، جو عام طور پر بارش لاتی ہیں، اس وقت فعال نہیں ہیں، جس کی وجہ سے موسم خشک اور درجہ حرارت معمول سے کچھ زیادہ محسوس ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اس خشک موسم کی وجہ سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہو گا، خاص طور پر نومبر اور دسمبر میں پنجاب کے میدانی علاقوں میں اسموگ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سال نہ صرف میدانی علاقوں میں بارش کم ہوگی بلکہ پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری معمول سے کم متوقع ہے۔ یوں سردیوں کے دن زیادہ تر خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔





