اداکارہ انجلین ملک کا مداحوں کو پیغام: بیضہ دانی کے کینسر کو ’خاموش قاتل‘ سمجھیں اور صحت کا خاص خیال رکھیں
لاہور: معروف ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور اداکارہ انجلین ملک نے اپنی حالیہ ویڈیو میں مداحوں کو اپنی صحت کے حوالے سے انتہائی محتاط رہنے کی اہم ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بیضہ دانی کے کینسر کو ’خاموش کینسر‘ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس مرض کی تشخیص میں تاخیر موت کا باعث بن سکتی ہے۔
اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ بیضہ دانی کے کینسر کے صرف 20 فیصد مریض ابتدائی علامات ظاہر ہونے پر اپنی بیماری کا بروقت پتہ لگا پاتے ہیں جبکہ باقی مریض انجلین ملک کی طرح بیماری کو تاخیر سے پہچانتے ہیں۔
انجلین ملک نے کینسر کی چند عام علامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا:
پیٹ میں اپھارہ (گیس)
بھوک میں کمی
وزن کا اچانک بڑھنا یا گھٹنا
ماہواری کا بےقاعدہ ہونا
بار بار پیشاب آنا
اداکارہ نے مداحوں کو تاکید کی کہ اگر یہ علامات ظاہر ہوں تو انہیں نظر انداز نہ کریں بلکہ فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ایک سادہ ٹیسٹ اور الٹراساؤنڈ کے ذریعے اس بیماری کی بروقت تشخیص ممکن ہے۔
اپنی ذاتی مثال پیش کرتے ہوئے انجلین ملک نے بتایا کہ انہیں بھی سفر کے دوران پیٹ میں گیس کی شکایت ہوئی جسے انہوں نے ابتدا میں نظر انداز کیا، لیکن دو ماہ بعد مسلسل شکایات کے باعث ٹیسٹ کروائے گئے اور انہیں بیضہ دانی کے کینسر کی تشخیص ہوئی۔
انجلین ملک نے مداحوں سے کہا:
"اگر آپ اپنے جسم میں کسی بھی قسم کی مستقل تبدیلی محسوس کریں تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں، اور وہ غلطی نہ کریں جو میں نے کی۔ اپنی صحت کا بھرپور خیال رکھیں۔”
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ یہ معلومات صرف آگاہی کے لیے ہیں اور کسی بھی طبی مسئلے کے لیے ماہر ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ناگزیر ہے۔