خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، بھارتی حمایت یافتہ 34 خوارجی دہ ش ت گرد ہلاک
راولپنڈی / پشاور: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم "فتنہ الخوارج” کے 34 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 13 سے 15 اکتوبر کے دوران کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وارم میں ایک بھرپور آپریشن کے دوران 18 دہشت گرد مارے گئے۔ اس کے علاوہ جنوبی وزیرستان میں خفیہ معلومات پر مبنی کارروائی میں 8 خوارجی دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ بنوں میں ایک اور آپریشن کے دوران مزید 8 دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا گیا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ یہ کارروائیاں "عزمِ استحکام” مہم کے تحت کی گئیں، جس کا مقصد ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہے۔ فورسز نے ان آپریشنز کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور کئی اہم شواہد بھی برآمد کیے۔
وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ "سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کے جذبے سے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔” انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی حفاظت اور ملکی سالمیت کی خاطر ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشتگردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ "34 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔” انہوں نے کہا کہ بہادر افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
پس منظر
یہ کارروائیاں ایک ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب ملک میں خوارج اور دیگر شدت پسند گروہوں کی سرگرمیوں میں اضافے کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں، خصوصاً خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں۔
سیکیورٹی ادارے اس عزم کا اعادہ کر چکے ہیں کہ وہ غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔






